بھٹکل 21/دسمبر (ایس او نیوز) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے زیراہتمام اس وقت جامعہ اسلامیہ کے وسیع وعریض میدان میں آل انڈیا مسلم پرسنل لائ بورڈ کا تحفظ شریعت کا عظیم الشان جلسہ شروع ہوچکا ہے جس میں مینگلور سے لے کر گوا تک کے عوام کی کثیر تعداد موجود ہے۔ پروگرام کی صدارت آل انڈیا مسلم پرسنل لائ بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی فرما رہے ہیں۔
اجلاس کا آغاز جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے طالب علم سلمان انور کی دلسوز تلاوت کلام پاک سے ہوا ،جامعہ اسلامیہ کے ہی طالب علم انس ابو حسینا نے حضورﷺ کی خدمت میں عقیدت کے پھول پیش کئے ۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے مہمانوں کااستقبال کرتے ہوئے اجلاس کے انعقاد کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی ، اس دوران انہوں نے حکومتی بد نیتی کی وجہ سے پر سنل لاء میں حکومت کی مداخلت پر سخت تشویش ظاہر کی۔ پروگرام کی نظامت مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی فرمارہے ہیں۔